اسلام آباد۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے درمیان اختلافات روز بہ بروز بڑھتے جارہے ہیں۔ مرکزی سطح پر چیئرمین بیرسٹر گوہر اور مرکزی جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ کے درمیان لفظی گولہ باری جاری ہے تو خیبر پختونخوا میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور عاطف خان آمنے سامنے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس دفعہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کے معاملے پر عاطف خان اور علی امین گنڈا پور آمنے سامنے آ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے واٹس ایپ گروپ میں دونوں رہنماؤں کے درمیان شدید لفظی جھڑپ ہوئی۔
عاطف خان نے گروپ میں ایم پی ایز کو اس بل کی حمایت میں ووٹ نہ دینے کی درخواست کی، اور کہا کہ یہ بل خیبر پختونخوا کے عوام کے حق میں نہیں ہے۔ علی امین گنڈا پور نے عاطف خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اس بل کی حمایت کی، اور سوال کیا، کیا آپ نے یہ بل پڑھا ہے؟
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ آپ کو انگریزی سمجھ نہیں آتی، میں آپ کے لیے بل کی اردو میں کاپی بھیج دوں گا۔
علی امین گنڈا پور نے عاطف خان پر لفظی وار کرتے ہوئے کہا، الیکشن کمیشن میں آپ کی تعلیم بھی انٹرمیڈیٹ ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے واضح کیا کہ بل میں کوئی مسئلہ نہیں، بس یہ آپ کا ذاتی مسئلہ ہے۔
عاطف خان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو اس معاملے پر کوئی جواب نہیں دیا، جس سے پارٹی میں اختلافات اور پیچیدہ ہوگئے ہیں۔