وزیراعظم کا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ، عازمین حج کے مسائل پر گفتگو

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عازمین حج کے مسائل پر بات چیت کی۔

مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کو پرائیویٹ عازمین حج کے مسائل سے آگاہ کیا، جس کے بعد وزیراعظم نے اس معاملے کی فوری نوعیت کو تسلیم کرتے ہوئے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس سلسلے میں وزارت خارجہ کو فوری طور پر عازمین حج کے مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کا حکم جاری کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان حکومت عازمین حج کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر نہیں چاہتی اور اس اہم معاملے پر فوری اقدامات کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں اسحاق ڈار اور امریکی وزیر خارجہ کی گفتگو، اہم امور پر تبادلہ خیال

دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بنگلہ دیشی مشیر خارجہ توحید حسین سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران دوطرفہ روابط اور تعاون کے فروغ کے لیے اپنی پختہ عزم کا اعادہ کیا گیا اور مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اسحاق ڈار اور توحید حسین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات کریں گے۔

Scroll to Top