آئیسکو کی نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری، اربوں روپے وصول کرلیے

اسلام آباد: اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) نے نادہندگان کے خلاف اپنی کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے اربوں روپے وصول کر لیے ہیں۔

کمپنی کی ریکوری فارمیشنز نے تمام آپریشن سرکلز میں جاری کمپین کے دوران لاکھوں رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے مجموعی طور پر 6 ارب 35 کروڑ 84 لاکھ روپے وصول کرلیے ہیں۔

آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو محمد نعیم جان نے تمام فیلڈ فارمیشنز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ حکومت اور نجی صارفین سے بجلی بلوں کی بروقت اور سو فیصد ریکوری کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سستی اور کوتاہی اب قابل برداشت نہیں ہے اور کسی بھی صورت میں وصولیوں میں کمی نہیں ہونی چاہیے۔

چیف ایگزیکٹو نے مزید کہا کہ کمپنی کی جانب سے یہ اقدامات صارفین کے مفاد میں ہیں تاکہ بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر انہوں نے معزز صارفین سے درخواست کی کہ وہ بجلی کے بل بروقت جمع کرائیں تاکہ بجلی کی سپلائی کے منقطع ہونے کی زحمت سے بچا جا سکے۔

آئیسکو کی جانب سے نادہندگان کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور کمپنی نے وعدہ کیا ہے کہ اس معاملے میں کوئی بھی نرمی نہیں دکھائی جائے گی تاکہ واجب الادا رقم کی وصولی یقینی بنائی جا سکے۔

Scroll to Top