بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے اعزاز میں خصوصی عشائیے کا اہتمام کیا۔
یہ عشائیہ صدر لوکاشینکو کی جانب سے اُن کے ذاتی فارم ہاؤس پر دیا گیا، جس میں اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد نے بھی شرکت کی۔
عشائیے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بیلاروس کے صدر کا پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور اس موقع کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا موقع قرار دیا۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف 10 اور 11 اپریل کو بیلاروس کے سرکاری دورے پر ہیں۔ یہ دورہ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کی دعوت پر کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں وزیراعظم دورہ سعودی عرب مکمل کرکے واپس اسلام آباد پہنچ گئے
وزیراعظم کے اس دورے کو پاکستان اور بیلاروس کے درمیان سفارتی، تجارتی اور سیاسی تعلقات کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔