افغان مہاجرین اور غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے، آج مزید 5800 سے زائد افغان باشندوں کو طورخم بارڈر کے ذریعے افغانستان روانہ کردیا گیا۔
خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں سے افغان سیٹزن کا کے حامل افغان مہاجرین اور غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کی واپسی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق آج طورخم بارڈر کے ذریعے 2853 افغان سیٹزن کارڈ کے حامل مہاجرین جبکہ 2981 غیر قانونی تارکین وطن کو افغانستان واپس بھیج دیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق 2234 افراد نے رضاکارانہ طور پر واپسی کا فیصلہ کیا جبکہ پنجاب سے 447 اور آزاد کشمیر سے 172 افغان مہاجرین طورخم کے راستے اپنے وطن روانہ ہوئے۔
دوسرے مرحلے کے آغاز سے اب تک اسلام آباد سے 186، پنجاب سے 5902، آزاد کشمیر سے 182 افغان مہاجرین جبکہ گلگت بلتستان سے ایک افغانی باشندے کو افغانستان واپس بھیجا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ستمبر 2023 سے لے کر اب تک 4 لاکھ 97 ہزار 607 غیر قانونی تارکین وطن کو طورخم سرحد کے ذریعے افغانستان واپس بھیجا جا چکا ہے۔
خیبرپختونخوا سے 6748 اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے اسلام آباد سے 1689 افغان اور دیگر غیر قانونی تارکین وطن واپس ان کو اپنے ملک بھیجا جا چکا ہے، اسی طرح پنجاب سے 7373، آزاد کشمیر سے 199، سندھ سے 44 جبکہ گلگت بلتستان سے ایک غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی مکمل کی جا چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات کی کڑیاں افغان شہریوں سے ملتی ہیں: طلال چوہدری
گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے 38 غیر قانونی تارکین وطن کو پشاور ٹرانزٹ پوائنٹ میں رات قیام کے لیے رکھا گیا ہے، محکمہ داخلہ کے مطابق ان تمام افراد کو کل ضروری دستاویزاتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد طورخم بارڈر کے ذریعے افغانستان منتقل کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ واپسی کا یہ سلسلہ مرحلہ وار جاری رہے گا اور تمام غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے واپس ان کے وطن بھیجا جائے گا۔