گلیات کے مختلف سیاحتی مقامات پر سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر قائم تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے جی ڈی اے کی ٹیمیں متحرک، بھاری مشینری کی مدد سے غیر قانونی رکاوٹوں اور تجاوزات کو ہٹا کر آمدورفت کے لیے راستے کشادہ کر دیے گئے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت زاہد چن زیب اور ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) شاہ رخ علی کی خصوصی ہدایت پر گلیات میں تجاوزات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا۔
ڈائریکٹر ٹیکنیکل ارسلان شوکت نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا اور جی ڈی اے گلیات کی خوبصورتی، صفائی اور سیاحوں کی سہولت کے لیے پرعزم ہیں، کسی بھی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی اور یہ آپریشن اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایبٹ آباد :سیاحوں کے لیے گلیات میں سکیورٹی اور دیگر سہولتوں میں اضافہ
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ بھی بلا تعطل کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ گلیات کو تجاوزات سے پاک رکھا جا سکے اور سیاحوں کو ایک پرامن اور خوبصورت ماحول فراہم کیا جا سکے۔
تجاوزات کے خلاف آپریشن پر مقامی شہریوں اور سیاحوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جی ڈی اے کے اقدامات کو سراہا،شہریوں نے کہا کہ اس کارروائی سے نہ صرف سفری سہولت بہتر ہوئی ہے بلکہ گلیات کی خوبصورتی بھی بحال ہوئی ہے۔