خیبرپختونخوا کی 19 سرکاری جامعات میں وائس چانسلرز کی تقرری کا عمل تیز کردیا گیا، صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کا کہنا ہے کہ وائس چانسر کی تقرری میں میرٹ اور شفافیت اولین ترجیح ہو گی۔
خیبرپختونخوا کی 19 سرکاری جامعات میں وائس چانسلرز کی تقرری کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کی زیر صدارت اجلاس میں تعلیمی شعبے سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل، سیکرٹری قانون، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں وائس چانسلرز کی تقرری کے عمل ، انجینئرنگ یونیورسٹی سوات کے نامکمل امور، کالجز کی ریشنلائزیشن اور دیگر اہم تعلیمی امور پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی جامعات کو درست سمت میں لے جانے اور انہیں مزید مستحکم بنانے کے لیے ٹھوس پالیسی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کرپشن، اقربا پروری اور سفارش جیسے عناصر کو مکمل طور پر ختم کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری جامعات میں انسداد ہراسانی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ
صوبائی وزیر تعلیم مینا خان آفریدی نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں میں شفافیت، میرٹ اور کارکردگی کو ہی بنیاد بنایا جائے گا اور وائس چانسلرز کی تقرری اسی اصول پر عمل کرتے ہوئے کی جائے گی، حکومت خیبرپختونخوا اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ نوجوانوں کو بہتر تعلیمی ماحول اور معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔