بانی پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات کیلئے مجھے کوئی ٹاسک نہیں دیا، بیرسٹر گوہر

بانی پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات کیلئے مجھے کوئی ٹاسک نہیں دیا، بیرسٹر گوہر

 پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے انہیں کوئی خاص ٹاسک نہیں دیا گیا تاہم بانی پی ٹی آئی کا مؤقف واضح ہے کہ انہوں نے کبھی اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا دروازہ بند نہیں کیا۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے خاتمے کی بنیادی وجہ خود حکومت کی غیر سنجیدگی تھی، بانی پی ٹی آئی سنجیدہ بات چیت کے حامی ہیں مگر جب حکومتی رویہ سنجیدہ نہ ہو تو مذاکرات جاری رکھنا بے معنی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیٹیکل کمیٹی میں مائنز اینڈ منرلز سے متعلق قانون سازی سے متعلق مشاورت ہوئی ہے اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے پولیٹیکل کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی ہے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ پولیٹیکل کمیٹی نے اطمینان کا اظہار کیا کہ مجوزہ بل میں ایسی کوئی شق شامل نہیں جس کے تحت صوبائی اختیارات وفاق یا سٹریٹجک ایریاز ایکسپلوریشن فاؤنڈیشن کو منتقل کیے جا رہے ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: چند عناصر مائنز اینڈ منرلز بل سے متعلق گمراہ کن پراپیگنڈا کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ کی وضاحت

انہوں نے مزید کہا وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے واضح کیا ہے کہ جب تک مجوزہ بل تمام قانونی مراحل سے مکمل طور پر کلیئر نہ ہو جائے اسے ایوان میں پیش نہیں کیا جائے گا، بانی پی ٹی آئی کی منظوری کے بغیر بل کو کسی صورت آگے نہیں بڑھایا جائے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ بل کے حوالے سے جلد باضابطہ پریس ریلیز جاری کی جائے گی۔

Scroll to Top