ویب ڈیسک: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ کر دیا۔ ایبٹ آباد میں شہداء ہزارہ کی 15ویں برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کی آبادی 25 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے اور مسلسل بڑھ رہی ہے، اس لیے نئے صوبے بنانا وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہداء ہزارہ نے صوبے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا، ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ سردار یوسف کا کہنا تھا کہ صوبہ ہزارہ تحریک میں تمام جماعتیں شریک ہیں، اور یہاں کے عوام کو ان کا حق دیا جانا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے بل قومی اسمبلی اور سینیٹ میں جمع کرایا جا چکا ہے۔ شہداء کی برسی پر منعقدہ تقریب میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ صوبہ ہزارہ کی سپریم کونسل نے جدوجہد کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور اب اس مقصد کے لیے کوششیں مزید تیز کی جائیں گی۔