وفاقی وزیر امور کشمیر گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے پاکستان تحریک انصاف کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی بطور جماعت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور اس میں قیادت کا فقدان ہے، جہاں ہر شخص مختلف بیانیہ اپنائے ہوئے ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے اقدامات ملک کے مفاد میں نہیں ہیں، انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے کہا کرتے تھے کہ سب کچھ میرے ہاتھ میں ہے، مگر اب ان کا بیانیہ بھی تبدیل ہوتا دکھائی دیتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ہر قومی مسئلے پر اختلاف پیدا کرتی ہے اور قدرتی وسائل جیسے حساس معاملے کو ذاتی مفاد کی نظر سے دیکھ رہی ہے، حالانکہ ایسے ایشوز پر پارلیمان میں سنجیدہ بحث ہونی چاہیے، اس مسئلے کو جس انداز میں پیش کیا جا رہا ہے، وہ قوم کے ساتھ ناانصافی ہے۔
کابل سے متعلق حکومتی پالیسی پر پی ٹی آئی کی تنقید کے حوالے سے امیر قمام نے کہا کہ یہ کوئی نئی بات نہیں پی ٹی آئی ہمیشہ سے قومی معاملات پر سیاست کرتی آئی ہے، اپوزیشن ذاتی مفادات کی بجائے قومی مفاد کو ترجیح دیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی کانگریس کے وفد کی وفاقی وزیر احسن اقبال سے ملاقات، دو طرفہ تعاون پر زور
وفاقی وزیر امور کشمیر گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ حکومت مہنگائی میں کمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے، حکومت کی اولین ترجیح عوام کی فلاح و بہبود اور مسائل کا حل ہے۔