وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کی جانب سے مجوزہ نئے ٹیرف پر بات چیت کو ترجیح دے گا اور فی الحال کوئی جوابی اقدامات اٹھانے کا ارادہ نہیں رکھتا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی تجارتی پالیسی اور ٹیرف اقدامات تشویشناک ہیں تاہم پاکستان اس معاملے کو سفارتی اور معاشی مکالمے کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ دنیا کو بدلتے ہوئے حالات کے ساتھ ہم آہنگ ہونا ہوگا اور اب وقت ہے کہ نیو ورلڈ آرڈر کے تحت تمام ممالک باہمی احترام اور تعاون کی بنیاد پر آگے بڑھنے کی حکمت عملی اختیار کریں۔
وزیر خزانہ نے زور دیا کہ امریکا طویل عرصے سے پاکستان کا اسٹریٹجک پارٹنر رہا ہے، اور دونوں ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہوئے ہیں، پاکستان کے چین کے ساتھ تعلقات بھی انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ انتظامیہ نے سمارٹ فونز، کمپوٹرز کو ٹیرف سے مستثنیٰ قرار دے دیا
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی تجارت، سرمایہ کاری اور سٹریٹجک تعاون کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ باہمی مفاہمت، شفافیت اور اعتماد کے ساتھ عالمی معیشت میں توازن لانے کی کوشش کریں۔





