پی آئی اے کا لاہور سے باکو کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے 20 اپریل سے لاہور سے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق لاہور سے باکو کیلئے ہفتہ وار دو پروازیں چلائی جائیں گی، جو اتوار اور بدھ کے روز روانہ ہوں گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ باکو کیلئے پروازوں کے آغاز سے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ سیاحت اور تجارتی روابط کو فروغ ملے گا۔

ادھر پی آئی اے نے 21 سال بعد پہلی مرتبہ خالص منافع حاصل کر لیا ہے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سال 2024 کے مالیاتی نتائج کی منظوری دے دی ہے، جن کے مطابق ادارے نے 9.3 ارب روپے آپریشنل منافع جبکہ 26.2 ارب روپے خالص منافع کمایا ہے۔

سال 2024 میں پی آئی اے کا آپریٹنگ مارجن 12 فیصد سے زائد رہا، جو کہ دنیا کی کئی بہترین ایئرلائنز کی کارکردگی کے برابر ہے۔ قومی ایئرلائن نے آخری بار 2003 میں منافع حاصل کیا تھا۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے میں حکومت پاکستان کی سرپرستی میں جامع اصلاحات کی گئیں جن میں افرادی قوت اور اخراجات میں کمی، منافع بخش روٹس میں استحکام، نقصان دہ روٹس کا خاتمہ اور بیلنس شیٹ کی ری اسٹرکچرنگ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں سوشل میڈیا کا مبینہ غلط استعمال، ایف آئی اے نے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کو طلب لیا

قومی ایئرلائن کے دوبارہ منافع بخش ادارہ بننے سے نہ صرف ادارے کی ساکھ میں بہتری آئی ہے بلکہ یہ ملکی معیشت کے لیے بھی مثبت پیش رفت ہے۔

Scroll to Top