پی ایس ایل10: لاہور قلندرز کے سیم بلنگز نے عمر اکمل کا ریکارڈ توڑ دیا

راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز کے وکٹ کیپر بیٹر سیم بلنگز نے تیز ترین نصف سنچری بنا کر عمر اکمل کا ریکارڈ توڑ دیا۔

اتوار کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور چھ وکٹوں پر 219 رنز بنائے۔ سیم بلنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف دھواں دار اننگ کھیلتے ہوئے صرف 19 گیندوں پر ناقابلِ شکست 50 رنز بنا ڈالے۔ ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

یہ کارکردگی پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی طرف سے تیز ترین ففٹی کا نیا ریکارڈ بن گئی۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ عمر اکمل کے پاس تھا جنہوں نے 2016 میں 22 گیندوں پر ففٹی اسکور کی تھی۔

پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین ففٹی کا مجموعی ریکارڈ تاحال آصف علی اور رائلی روسو کے پاس ہے، جنہوں نے 17 گیندوں پر ففٹی بنائی تھی۔

لاہور کی جانب سے فخر زمان نے بھی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 67 رنز بنائے، جن میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں پی ایس ایل 10، لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی

220 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 17ویں اوور میں محض 140 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یوں لاہور قلندرز نے پی ایس ایل 10 کے اس میچ میں کوئٹہ کو 79 رنز سے شکست دے دی۔

Scroll to Top