پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ پارٹی کی سطح پر اسٹیبلشمنٹ یا کسی اور سے باضابطہ مذاکرات نہیں ہورہے ،سینیٹر اعظم سواتی انفرادی طورپر مذاکرات کررہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ اگر اعظم سواتی اپنی کوششوں میں کامیاب ہوتے ہیں تو پارٹی بانی پی ٹی آئی سے اجازت لیکر ہی آگے بڑھے گی ،سیاسی جدوجہد کا مقصد بالآخر مذاکرات ہی ہوتے ہیں لیکن کوئی چور دروازہ تلاش نہیں کیاجارہا ۔
انہوں نے کہاکہ اگرکوئی راہ نکالی جائے گی تو وہ اصولوں کی بنیاد پر ہوگی اور پارٹی شفاف انتخابات ، قانون کی حکمرانی اور بنیادی حقوق کی بحالی جیسے مقاصد پر کسی قسم کی لچک نہیں دکھائے گی ۔
انہوں نے کہاکہ اگر مذاکرات کسی ایسے نیتجے کی طرف جاتے ہیں جس میں شخصی آزادیوں اور بنیادی انسانی حقوق کی بحالی ممکنہو تو پارٹی اس پر آمادہ ہوسکتی ہے ، تاہم انہوں نے اس خیال کو مسترد کرکیا کہ کوئی خفیہ یا غیر اصولی راستہ اختیار کیاجارہاہے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہم ایک اصولی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں ، اور کوئی پتلی گلی سے نکلنے کا راستہ اختیار نہیں کیاجائیگا۔





