راولپنڈی ۔ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وہ اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی تمام مقدمات عدالتوں میں قانون کے مطابق لڑ کر باہر آئیں گے، کسی بھی قسم کی ڈیل کا حصہ نہیں بنیں گے، اور نہ ہی انہوں نے کسی کو اپنی ذات سے متعلق کوئی ڈیل کرنے کا اختیار دیا ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ عمران خان نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے، لیکن مذاکرات صرف اور صرف ملک و قوم کے مفاد اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے ہو سکتے ہیں، ان کی ذات یا ذاتی مقدمات سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہوگا۔
شیخ وقاص اکرم کے مطابق عمران خان نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں زیر بحث “مائینز اور منرلز بل” کے حوالے سے تمام متنازعہ بیانات بند کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور اس بل پر انہیں بریفنگ دیں گے، جس کے بعد وہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے، اور ان کی منظوری کے بعد ہی بل اسمبلی سے منظور کیا جائے گا۔ عمران خان نے کہا کہ آج کے بعد اس بل کے حوالے سے پارٹی کے اندر کسی قسم کے اختلافی بیانات سامنے نہیں آنے چاہئیں۔
اعلامیے کے مطابق عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ آپس کے اختلافات یا اختلافِ رائے کو پارٹی کے اندر ہی رکھا جائے، اور میڈیا یا کسی فورم پر لے جانے سے مکمل اجتناب کیا جائے کیونکہ مخالفین چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف اندرونی خلفشار کا شکار ہو تاکہ وہ اس کا فائدہ اٹھا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: منرلز اینڈ مائنز بل کو عمران خان کی رہائی سے مشروط کرنے کی خبریں ، بیرسٹر گوہر کا اہم بیان سامنے آگیا
انہوں نے ہدایت دی کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں افغان مہاجرین کے حوالے سے ایک قرارداد منظور کی جائے جس میں ان کی ملک بدری کے وقت میں توسیع کا مطالبہ کیا جائے اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا جائے کہ خیبرپختونخوا حکومت کو افغان حکومت سے براہِ راست بات چیت کی اجازت دی جائے تاکہ دہشت گردی سے متاثرہ صوبہ اپنے مفادات کا تحفظ کر سکے۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی ایک قرارداد کے ذریعے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ سے مطالبہ کرے کہ وہ الیکشن ٹریبونل کے ججز کو ہدایت دیں کہ تحریک انصاف کی زیر التوا تمام انتخابی درخواستوں پر جلد فیصلہ کیا جائے۔
آخر میں اعلامیے میں کہا گیا کہ عمران خان نے موجودہ اور ممکنہ سیاسی اتحادیوں سے رابطے تیز کرنے اور اس اتحاد کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج سمیت تمام سیاسی آپشنز پارٹی کے سامنے موجود ہیں اور ان پر جلد فیصلہ کیا جائے گا۔