سوات: مینگورہ شہر اور اس کے گردونواح میں پیر کے روز زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ لوگ گھبرا کر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی فوری اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.7 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی زیرِ زمین گہرائی 98 کلومیٹر تھی۔ مرکز نے مزید بتایا کہ زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کی سرحد پر واقع تھا۔
زلزلے کے بعد سوات سمیت دیگر قریبی علاقوں میں بھی آفٹر شاکس کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔