سوشل میڈیا کا غلط استعمال، شہباز گل کو پارٹی سے برطرف کئے جانے کا امکان

شیراز احمد شیرازی
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شہباز گل کے خلاف پارٹی کے اندر بڑھتی ہوئی شکایات اور ناراضگی کے باعث انہیں پارٹی سے نکالنے کا فیصلہ متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق بانی چیئرمین عمران خان کو پارٹی رہنماؤں کی جانب سے شہباز گل کے رویے، بدتمیزی، گروپنگ اور سوشل میڈیا پر اہم پارٹی فیصلوں کو افشا کرنے کی متعدد شکایات موصول ہو چکی ہیں۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز گل کی جانب سے آئے روز پارٹی رہنماؤں سے بدتمیزی، کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی کے حساس فیصلوں کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے اور پارٹی کے اندر گروپ بندی کو فروغ دینے جیسے اقدامات نے پارٹی کے اندر شدید بے چینی پیدا کر دی ہے۔ کئی سینئر رہنما بارہا بانی چیئرمین سے ان کے خلاف شکایت کر چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بانی چیئرمین عمران خان نے ان تمام شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے شہباز گل کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دے دیا ہے۔ قوی امکان ہے کہ آئندہ چند دنوں میں انہیں پارٹی سے فارغ کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ جیل میں ہونے والی چند ملاقاتوں کے بعد یہ فیصلہ حتمی شکل اختیار کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی پارٹی رہنماوں سے ملاقات میں کیا گفتگو ہوئی، شیخ وقاص اکرم نے تفصیلات بتا دیں

ذرائع مزید بتاتے ہیں کہ شہباز گل پر پارٹی کے قریبی ساتھیوں کے خلاف سوشل میڈیا پر سنگین الزامات لگانے اور انہیں “غدار” قرار دینے جیسے اقدامات بھی چارج شیٹ کا حصہ بنائے گئے ہیں۔ پارٹی کے کئی اہم اور سینئر رہنما ان کے رویے سے سخت نالاں ہیں اور انہیں پارٹی کے لیے نقصان دہ قرار دے رہے ہیں۔

اس حوالے سے بانی چیئرمین کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز گل کے طرز عمل نے نہ صرف پارٹی میں اختلافات کو ہوا دی بلکہ تحریک انصاف کی اجتماعی ساکھ کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔

Scroll to Top