میلبورن: پاکستان کی اسکواش کورٹ پر شاندار فتح، آسٹریلین جونیئر اوپن میں علی خاندان کی تینوں بہنوں – مہوش، سحرش اور ماحور – نے اپنی شاندار کارکردگی کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جس سے پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ رقم ہو گیا ہے۔
یونیورسٹی آف میلبورن میں جاری ایونٹ میں انڈر 17 کی دفاعی چیمپئن اور ٹاپ سیڈ مہوش علی نے ہانگ کانگ کی میگھن وانگ کو سیدھے تین سیٹس میں 6-11، 3-11، 2-11 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں آسٹریلیا کی ٹینا ما کے خلاف میچ فکس کر لیا ہے۔ ٹینا ما گذشتہ سال انڈر 15 چیمپئن رہی ہیں، جس سے یہ سیمی فائنل ایک سنسنی خیز مقابلہ بننے جا رہا ہے۔
انڈر 15 کیٹیگری میں پاکستان کی ٹاپ رینکڈ کھلاڑی سحرش علی نے شاندار انداز میں چیلسی پال کو 11-2، 11-3، 11-1 سے آؤٹ کلاس کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنائی، جہاں ان کا مقابلہ اولیویا وین زون سے ہوگا۔
دوسری جانب 12 سالہ ماحور علی، جو اپنی عمر سے بڑی کیٹیگریز میں کھیلنے کے لیے مشہور ہیں، اس ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابلِ شکست رہیں۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کی مریم ابراہیم کو 11-1، 11-0، 11-3 سے دھول چٹاتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی، جہاں ان کا سامنا ایلزبتھ وانگ سے ہوگا۔
ماحور اس وقت پاکستان کی نمبر 1 خواتین اسکواش کھلاڑی ہیں (مارچ 2025 کی درجہ بندی کے مطابق)، جبکہ مہوش نمبر 5 اور سحرش نمبر 14 پر موجود ہیں۔ تینوں بہنیں نہ صرف انفرادی کارکردگی کے باعث نمایاں ہو رہی ہیں بلکہ پاکستان کو عالمی سطح پر اسکواش میں دوبارہ مقام دلانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔