اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متوقع کمی کے باوجود قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ قیمتوں میں کمی سے حاصل ہونے والی بچت کو عوام کو منتقل کرنے کے بجائے بلوچستان میں اہم ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا۔
سرکاری اعلامیہ کے مطابق بچت کی یہ رقم بلوچستان کی اہم شاہراہ این-25 کی بحالی پر صرف کی جائے گی، اور یہ بحالی موٹروے معیار کے مطابق کی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کا فائدہ براہ راست عوام کو نہیں دیا جائے گا بلکہ اس رقم سے قوم کے زخموں پر مرہم رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھی کینال فیز 2 کی تکمیل بھی اسی بچت سے کی جائے گی، جس سے بلوچستان کی سینکڑوں ایکڑ اراضی قابلِ کاشت ہو جائے گی اور علاقے میں زرعی ترقی کو فروغ ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں خوشی کی خبر! جلد پیٹرول پر ملے گا بڑا ریلیف
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے بلوچستان کے عوام کیلئے ایک بڑا تحفہ ہیں اور اس سے صوبے کی ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی۔