ملک میں ایک سال کے دوران ڈیڑھ لاکھ سے زائد آن لائن فراڈ کیسز رپورٹ

اسلام آباد: ملک میں آن لائن مالیاتی فراڈ کے واقعات خطرناک حد تک بڑھ چکے ہیں، اور صرف سال 2024 کے دوران ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد آن لائن فراڈ کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق لاکھوں متاثرہ افراد نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ کے پاس شکایات درج کرائیں۔

رپورٹ کے مطابق ان کیسز میں سے صرف 832 کیسز باقاعدہ فائل کیے گئے جبکہ سائبر کرائم ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے 1200 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ فراڈیوں سے 65 کروڑ روپے کی رقم برآمد بھی کی گئی۔

آن لائن فراڈ کے یہ کیسز زیادہ تر آن لائن کاروبار اور مالی لین دین سے متعلق ہیں۔ وزارت داخلہ نے بتایا کہ گزشتہ تین سال کے دوران مجموعی طور پر چھ لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں، جن میں سینکڑوں ارب روپے کے فراڈ کی تفصیلات سامنے آئیں۔

یہ اعدادوشمار رواں ہفتے قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے، جنہوں نے ایوان میں تشویش کی لہر دوڑا دی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آن لائن کاروبار اور ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز میں تیزی کے ساتھ ہی سائبر سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو فراڈیوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں یہ ہوئی نا بات !خیبر پختونخوا پولیس پنجاب کے اندھے بھکاری کی بینائی واپس لے آئی ، 15سال سے فراڈ کا اعتراف

ایف آئی اے اور متعلقہ ادارے اس وقت آن لائن فراڈ کی روک تھام اور مجرموں کے خلاف کارروائی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، تاہم عوام کو بھی آن لائن لین دین میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

Scroll to Top