اسلام آباد: ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے بڑا ریلیف آنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔
بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں 51 ارب 49 کروڑ روپے کا ریلیف فراہم کرنے کی درخواست جمع کرا دی ہے۔
درخواست رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے۔ اس میں 47 ارب 12 کروڑ روپے کیپیسٹی پیمنٹس میں کمی، 2 ارب 4 کروڑ روپے ٹرانسمیشن و ڈسٹری بیوشن نقصانات میں کمی، جبکہ یوز آف سسٹم چارجز اور مارکیٹنگ فیس کی مد میں 1 ارب 80 کروڑ روپے کا ریلیف شامل ہے۔
درخواست میں فکسڈ کاسٹ کی ریکوری کی مد میں بھی 4 ارب 95 کروڑ روپے صارفین کو واپس دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں امریکا کے ساتھ تعمیری مذاکرات کیلئے تیار، وزیر خزانہ کا بجلی، بجٹ، ٹریڈ اور ٹیکس پالیسی پر بڑا اعلان
نیپرا اس درخواست پر 29 اپریل کو سماعت کرے گا، جس کے بعد حتمی فیصلہ متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق اس سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی ایک روپے 72 پیسے فی یونٹ سستی ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ دوسری سہ ماہی میں بھی صارفین کو 56 ارب 38 کروڑ روپے کا ریلیف دیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں بجلی کی قیمت میں 1 روپے 90 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی تھی۔