نوشہرہ: تاجر سے 30 لاکھ روپے چھیننے اور ڈرائیور کے قتل میں ملوث گروہ کا سرغنہ گرفتار

نوشہرہ کے تھانہ اکوڑہ خٹک پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے چند روز قبل تاجر سے 30 لاکھ روپے لوٹنے کے دوران ڈرائیور کو بے دردی سے قتل کر نے والے بین الصوبائی راہزن گروہ کے افغان سرغنہ کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس نے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر چھینی گئی رقم میں سے 17 لاکھ روپے، واردات میں استعمال ہونے والا پستول، موٹر سائیکل اور موبائل فونز برآمد کر لیے ہیں۔

ایس ڈی پی او اکوڑہ سرکل زاہد عالم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ عید سے چند دن قبل اکوڑہ خٹک کی حدود میں تین ملزمان نے ایک کپڑے کے تاجر کو لوٹنے کے بعد اس کا ڈرائیور قتل کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سوات: ایف آئی اے کی کارروائی، ہنڈی حوالہ میں ملوث تین ملزمان گرفتار، کروڑوں روپے برآمد

پولیس نے جدید سائنسی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے راہزن گروہ کے سرغنہ دوست محمد عرف طورے کو گرفتار کر لیا جو کہ افغانستان کا باشندہ ہے۔ ملزم نے تفتیش کے دوران جرم کا اعتراف کر لیا اور اس کی نشاندہی پر چھینی گئی خطیر رقم میں سے 17 لاکھ روپے برآمد کر لیے گئے۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں اور توقع ہے کہ جلد ہی پورا گروہ قانون کی گرفت میں ہوگا۔

Scroll to Top