گورنر خیبر پختونخوا نے علی امین گنڈا پور کا بیان غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے حالیہ بیانات کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں غیر ذمہ دارانہ اور قومی سالمیت پر سوالیہ نشان قرار دیا ہے۔

گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیہ میں فیصل کریم کنڈی نے آرمی چیف کے حالیہ بیان کی مکمل تائید کرتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا فخر ہیں اور ان کے خلاف کسی بھی قسم کے بیانات غیر ذمہ دارانہ رویے کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس اہم مسئلے پر سنجیدہ دکھائی نہیں دیتی۔ ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کو صوبے میں قیامِ امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ کے افغان مہاجرین سے متعلق بیانات کو ریاستی پالیسی سے انحراف قرار دیا اور کہا کہ ایسے بیانات نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہیں بلکہ قومی مفادات کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ وقت آ چکا ہے کہ تمام ریاستی ادارے اور قیادت ایک صفحے پر آئیں تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں علی امین گنڈاپور کا پی ٹی آئی میں اختلافات کا اعتراف

گورنر نے پی ٹی آئی کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کا ایجنڈا صرف انتشار اور الزام تراشی پر مبنی ہے، جبکہ وفاقی حکومت کی پالیسیاں قومی مفاد میں ہیں جن کی وہ مکمل حمایت کرتے ہیں۔

Scroll to Top