ویب ڈیسک۔ چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو جِرگوں، کھلی کچہریوں اور فیلڈ وزٹس کے ذریعے عوام سے رابطے مضبوط کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ مسائل کا فوری حل ممکن ہو، غلط فہمیوں کا ازالہ کیا جا سکے اور عوام کا اعتماد بحال ہو۔
تفصیلات کے مطابق ویب ڈیسک۔ چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا دوسرا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے جس میں مؤثر طرز حکمرانی، عوامی خدمات میں بہتری اور شہریوں سے مضبوط روابط پر غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو ریاست اور حکومت کا چہرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کارکردگی ہی عوامی تاثر اور ان کے پیشہ ورانہ مستقبل کا تعین کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آپ کی کارکردگی ہی آپ کی پہچان ہونی چاہیے، ایسا کردار چھوڑیں جو یاد رکھا جائے۔
شہاب علی شاہ نے عوامی شمولیت کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز جِرگوں، کھلی کچہریوں اور فیلڈ وزٹس کے ذریعے عوام سے رابطے مضبوط کریں تاکہ مسائل کا فوری حل ممکن ہو، غلط فہمیوں کا ازالہ کیا جا سکے اور عوام کا اعتماد بحال ہو۔
اجلاس میں موجودہ گورننس اقدامات، جیسے “اختیار عوام کا” پورٹل اور 99 نکاتی عوامی ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکریٹری نے بعض اضلاع میں پیش رفت کو سراہا جبکہ دیگر علاقوں میں بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں مختلف اضلاع کے ڈی سیز نے بہتر حکمرانی کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔
محصولات کے شعبے پر بات کرتے ہوئے چیف سیکریٹری نے زیر التواء مقدمات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے 70 دن کے اندر حل کی ہدایت کی اور بورڈ آف ریونیو کی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا۔
تعلیم کے شعبے میں انہوں نے ہدایت کی کہ امتحانی مراکز کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ نقل کو روکا جا سکے۔ انہوں نے حالیہ انسدادِ نقل اقدامات پر عوام کی طرف سے اظہارِ اطمینان کا ذکر کرتے ہوئے ان کوششوں کو جاری رکھنے پر زور دیا۔
اس کے علاوہ، اجلاس میں پیر سے صوبہ بھر میں ایک ہفتے پر محیط صفائی مہم شروع کرنے کا اعلان بھی کیا گیا، جس کا مقصد ماحولیاتی شعور اجاگر کرنا ہے۔





