پوسٹ گریجویٹ کالج مانسہرہ میں کانووکیشن کی تقریب، 432 طلبا ء و طالبات کو ڈگریاں دی گئیں

مانسہرہ۔ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مانسہرہ میں ایک مشترکہ کانووکیشن تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں 432 طلبا ء و طالبات کو ڈگریاں دی گئیں، تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا، مینا خان آفریدی تھے۔

تقریب میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج مانسہرہ، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج چٹی ڈھیری، اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج نمبر 1 مانسہرہ کے طلبا و طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔ یہ کانووکیشن تینوں اداروں کے طلباء کے لیے ایک یادگار موقع تھا، جہاں 432 طلباء و طالبات کو ڈگریاں دی گئیں، جو ان کے تعلیمی سفر کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔
تقریب میں ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محسن نواز، ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر فرید اللہ شاہ، جے ایم سی مانسہرہ کے پرنسپلز، سابقہ پرنسپلز، پروفیسرز، معززینِ علاقہ اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر مینا خان آفریدی نے کامیاب طلبا، اساتذہ اور والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے تعلیمی اداروں کی محنت اور لگن کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کالج ایجوکیشن کا شعبہ صوبے میں تعلیمی بہتری کا ستون ہے، اور حکومت اسے مزید مستحکم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
اپنے خطاب میں مینا خان آفریدی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبرپختونخوا میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا اور تعلیمی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مربوط اقدامات کیے جائیں گے۔

Scroll to Top