میران شاہ: کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے شمالی وزیرستان کے مشران اور علاقہ عمائدین سے میران شاہ میں ایک اہم ملاقات کی۔ اس ملاقات میں علاقے کی ترقی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں شرکاء کو خوارج کے خلاف جاری آپریشنز اور علاقے میں امن کی بحالی کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے بتایا کہ اس وقت سیکورٹی فورسز مختلف آپریشنز کے ذریعے خوارج کے خلاف موثر کارروائیاں کر رہی ہیں اور علاقے کی بہتری کے لیے متعدد اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ملاقات کے دوران مقامی عمائدین اور مشران نے ریاست کے تمام ایکشنز کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور خوارج کے خلاف جاری آپریشنز کو سراہا۔
انہوں نے سیکورٹی فورسز کی قربانیوں اور کوششوں کو تسلیم کرتے ہوئے علاقے کی ترقی اور امن کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا عزم ظاہر کیا۔
یہ بھی پڑھیں شہداء اور غازی ہمارا فخر، ان کا احترام ہر پاکستانی کیلئے مقدم ہے، آرمی چیف
کور کمانڈر پشاور نے اس موقع پر مقامی عمائدین کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن کے قیام میں ان کی کاوشیں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے ان کی محنت اور تعاون کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ علاقے میں امن کی بحالی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی۔
ملاقات میں اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی شریک تھے، جنہوں نے علاقے کی صورتحال پر تفصیل سے بات کی اور مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔