راولپنڈی: عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے جیل سے رہائی کے بعد عدالتوں کی توہین پرردعمل کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں نہیں، بلکہ عدالتوں کی توہین ہو رہی ہے اور ججز کو اس پر فکر کرنی چاہیے۔
راولپنڈی موٹروے پر رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ یہ دوسرا موقع ہے جب انہیں اڈیالہ جیل سے اٹھا کر موٹروے پر چھوڑا گیا۔ انہوں نے کہا ہم نے کوئی قانون نہیں توڑا، یہ دوبارہ کیا جا رہا ہے۔ پچھلی بار ہمیں ایک ہوٹل میں بٹھایا تھا، آج ایک بلڈنگ میں بیٹھے تھے، پولیس ہمارے پیچھے آئی اور پھر ہمیں موٹروے پر چھوڑ دیا۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ ہم تین بہنیں گھر سے آئیں اور دونوں اپوزیشن لیڈروں کو بھی اٹھا لیا۔ ہمیں چھوڑ دیں، لیکن آپ یہ سب انسانیت کے خلاف کر رہے ہیں۔ آپ ہمارا مذاق اڑا رہے ہیں۔
علیمہ خان نے عدالتوں کی توہین کی بات کرتے ہوئے کہا روزانہ توہین عدالت ہو رہی ہے، اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو پیغام بھیجا جاتا ہے، لیکن جیل انتظامیہ اس پر کوئی کارروائی نہیں کرتی۔ ہمیں انصاف کی ضرورت ہے اور ایسے ججز آنے چاہئیں جو انصاف فراہم کریں۔
یہ بھی پڑھیں علیمہ خان سیاسی لیڈر نہیں،وہ عمران خان کے ایماپر باہر آکر بیان دیتی ہیں، ہمایوںمہمند
ان کا کہنا تھا کہ اگر ججز انصاف نہیں دے سکتے تو ان کرسیوں پر بیٹھنے کا کیا فائدہ؟ علیمہ خان نے سپریم کورٹ سے سوال کیا کہ آپ انصاف کیوں نہیں دے سکتے؟ اور کہا کہ وہ کل عدالت میں آئیں گی اور اس سوال کا جواب طلب کریں گی۔