عمرکوٹ: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 213 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے تمام 498 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔
غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کی امیدوار صبا تالپور نے ایک لاکھ 64 ہزار 788 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی ہے۔
اپوزیشن جماعتوں کے حمایت یافتہ امیدوار لعل چند مالھی نے 81 ہزار 247 ووٹ حاصل کیے، تاہم وہ پیپلز پارٹی کی صبا تالپور سے واضح فرق سے پیچھے رہ گئے۔
کامیابی کے اعلان کے بعد پیپلز پارٹی کے کارکن کنری میں قائم صبا تالپور کے کیمپ آفس میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جشن مناتے نظر آئے۔
ضمنی انتخابات میں سکیورٹی کے حوالے سے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ 4 ہزار 200 پولیس افسران اور اہلکاروں نے اپنے فرائض سرانجام دیے جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے رینجرز بھی حلقے میں موجود رہی۔
یہ بھی پڑھیں تاج حیدر کے انتقال سے خالی ہونےوالی سینیٹ کی نشست کیلئے الیکشن شیڈول کا اعلان
این اے 213 کے ضمنی انتخابات میں 18 امیدوار میدان میں تھے، جن میں پیپلز پارٹی کی صبا تالپور اور اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار لعل چند مالھی سمیت کئی اہم سیاسی شخصیات شامل تھیں۔
یہ کامیابی پیپلز پارٹی کے لیے ایک اہم سیاسی جیت سمجھی جا رہی ہے، جس نے اپوزیشن کے مضبوط امیدوار کو شکست دے کر اپنی سیاسی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا ہے۔