پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے عمرکوٹ کے ضمنی انتخاب میں پارٹی کی شاندار کامیابی پر جیالوں کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ عمرکوٹ میں پیپلز پارٹی کی فتح ترقی، خدمت اور جمہوریت کے سفر کا تسلسل ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ عمرکوٹ کے عوام نے ایک بار پھر بھٹو ازم سے اپنی وابستگی کا عملی ثبوت دے کر پیپلز پارٹی پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، یہ فتح صرف ایک حلقے کی نہیں بلکہ پورے سندھ کے عوام کی فتح ہے جس سے جمہوریت کا چراغ مزید روشن ہوا ہے۔
498 پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کی امیدوار صبا تالپور نے ایک لاکھ 48ہزار 965 ووٹ لے کر بھاری اکثریت سے میدان مارا۔ شیری رحمان نے اسے پیپلز پارٹی کی مقبولیت اور عوامی حمایت کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام نے نفرت، تقسیم اور منفی سیاست کے خلاف اپنے ووٹ کے ذریعے بھرپور ردعمل دیا ہے اور یہ ظاہر کر دیا ہے کہ وہ صرف ترقی پسند قیادت اور بھٹو کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: این اے 213 ، پیپلزپارٹی کی امیدوار صبا تالپور بھاری اکثریت سے کامیاب
پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ یہ جیت اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی کو اپنی واحد آواز، امید اور مستقبل سمجھتے ہیں۔