وزیراعظم شہبازشریف کا دہشتگردی کیخلاف فیصلہ کن جہاد جاری رکھنے کا اعلان

وزیراعظم شہبازشریف کا دہشتگردی کیخلاف فیصلہ کن جہاد جاری رکھنے کا اعلان

وزیراعظم شہبازشریف نے امن وامان سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ کہ ملک سے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کا جہاد جاری رہے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کو ایسی عبرتناک شکست دی جائے گی کہ کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں دہشتگردی، سمگلنگ اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف جاری اقدامات، سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی اور سیف سٹی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ جانوں کا نذرانہ دے کر ملک کو محفوظ بنا رہے ہیں، پاکستان کے دشمن ہماری معاشی کامیابیوں سے خائف ہیں، لیکن ہم متحد ہو کر انتہاپسندی اور دہشتگردی کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔

وزیراعطم شہباز شریف نے وفاق اور صوبوں کی مشترکہ کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کی صلاحیت بڑھانے کے لیے بھرپور معاونت کرے گی، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر دہشتگردی کے خلاف متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔

سمگلنگ کے خلاف اقدامات پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے اداروں کو اپنی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت دی اور انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف مؤثر کارروائی کا حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمرکوٹ ضمنی انتخاب میں فتح پیپلز پارٹی کی مقبولیت اور عوامی حمایت کا منہ بولتا ثبوت ہے، شیری رحمان

اجلاس کو نیکٹا میں نیشنل اینڈ پرونشئل انٹیلیجنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسیسمینٹ سینٹر کے قیام، سیف سٹی منصوبوں کی پیشرفت اور مستقبل کے اہداف پر بریفنگ دی گئی، متعلقہ حکام نے بتایا کہ پنجاب کے 10 شہروں میں سیف سٹی منصوبے فعال ہیں جبکہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص اور نواب شاہ میں منصوبوں پر کام جاری ہے۔

پشاور میں سیف سٹی منصوبہ منظور ہو چکا ہے اور اگلے مرحلے میں ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور لکی مروت میں منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

وزیراعظم شہبازریف نے تمام منصوبوں کو جلد مکمل کرنے اور دہشتگردی کے خلاف قومی بیانیے کی تشکیل میں وفاق و صوبوں کی ہم آہنگی کو خوش آئند قرار دیا۔

Scroll to Top