حیات آباد میڈیکل کمپلیکس (ایچ ایم سی) پشاور میں پیدائشی طور پر سماعت سے محروم بچوں کے لیے جدید ترین کوکلیئر امپلانٹ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
کوکلیئر امپلانٹ پروگرام کے تحت ایچ ایم سی میں اب تک 9 بچوں کی کامیاب سرجریز کی جا چکی ہیں جن کی نگرانی ماہر ای این ٹی (کان، ناک، گلا) ڈاکٹرز نے کی۔
یہ پروگرام پاکستان بیت المال کے تعاون سے شروع کیا گیا تھا اور اب خیبر پختونخوا حکومت کے صحت کارڈ پروگرام کے تحت بھی یہ سرجریز ممکن ہوں گی۔
اس جدید طبی سہولت کو 6 ماہ سے 5 سال تک کے بچوں کے لیے دستیاب کیا گیا ہے جس پر فی مریض تقریباً 21 لاکھ 50 ہزار روپے کی لاگت آتی ہے۔
دو روزہ کوکلیئر امپلانٹ میراتھن کے دوران 9 بچوں کی کامیاب سرجریز کی گئیں جسے ایک بڑی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے، میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد اکبر کی قیادت میں ای این ٹی ماہرین کی ٹیم کی محنت کو سراہا گیا، ہسپتال انتظامیہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یہ پروگرام مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق بچوں کو قوتِ سماعت کی نعمت فراہم کی جا سکے۔
یہ پروگرام سماعت سے محروم بچوں کے لیے امید کی ایک نئی کرن ہے، اور اس کے ذریعے متعدد بچوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کی توقع کی جا رہی ہے۔
کوکلیئر امپلانٹ ایک چھوٹا الیکٹرانک ڈیوائس ہے جو کان کے اندرونی خراب حصے کو متحرک کرتا ہے یہ ڈیوائس آواز کا احساس فراہم کرنے میں مدد دیتی ہے جو بہت زیادہ بہرا ہو یا سننے میں سختی سے محروم ہو۔