اسلام آباد میں ژالہ باری، ورکشاپس والوں کی چاندی، ڈینٹ، پارٹس کی دگنی قیمتیں وصول کرنا شروع کردیں

خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں سے جانی و مالی نقصانات، پی ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری

پشاور:پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے حالیہ بارشوں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث صوبے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 16 اپریل سے جاری وقفے وقفے کی بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 2 افراد جان بحق جبکہ 9 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 4 مرد، 3 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 11 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔ یہ حادثات صوبے کے مختلف اضلاع چارسدہ، خیبر، شانگلہ، بٹگرام، اور چترال لوئر میں پیش آئے۔

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کی جائے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اس کے علاوہ بارش کے باعث بند ہونے والی شاہراہوں کو کھولنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق ادارہ تمام ضلعی انتظامیہ اور امدادی اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دے سکتے ہیں۔

Scroll to Top