ایبٹ آباد: فی میل اسپورٹس گالا کا شاندار اختتام، کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی

حمد اللہ خان

ایبٹ آباد (ویب ڈیسک) ایبٹ آباد میں منعقدہ ضلعی و ریجنل فی میل اسپورٹس گالا اپنی تمام تر رونقوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔

سٹی اسپورٹس کمپلیکس اور جلال بابا آڈیٹوریم میں منعقدہ اس رنگا رنگ ایونٹ کا انعقاد ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے کیا گیا، جس میں خواتین کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء اللہ اور سابق ڈی جی اسپورٹس طارق محمود تھے، جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جنید رحمن، اسسٹنٹ عاقب رقیب، سپورٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور کھیلوں سے وابستہ خواتین و حضرات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ایونٹ میں والی بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، باسکٹ بال، جوڈو، کراٹے، سکواش، تائیکوانڈو اور رسہ کشی کے مقابلے شامل تھے۔ والی بال میں خالد کلب نے مشتاق کلب کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی، جبکہ باسکٹ بال میں ایبٹ آباد ریڈ نے ایبٹ آباد واٹ کو مات دی۔ بیڈمنٹن کا ٹائٹل حمزہ خان کلب نے جیتا، اور ٹیبل ٹینس میں زاہد کلب فاتح رہا۔

یہ بھی پڑھیں ایبٹ آباد ، مانسہرہ میں بارش ، گلیات میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے

جوڈو میں مختلف کیٹیگریز میں بچیوں نے بہترین مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ، سلور اور برانز میڈلز حاصل کیے۔ تائیکوانڈو مقابلے میں ایبٹ آباد تائیکوانڈو کلب نے سٹی کلب کو شکست دی، جبکہ سکواش میں جان شیر کلب فاتح قرار پایا۔ رسہ کشی میں آرمی برن ہال کی بچیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اس قسم کے ایونٹس طالبات کو تعلیمی مصروفیات کے ساتھ ساتھ مثبت تفریح کے مواقع فراہم کرتے ہیں اور ان کی ذہنی و جسمانی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے آئندہ بھی ایسے ایونٹس کے انعقاد کی یقین دہانی کروائی۔

Scroll to Top