اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے یوٹیوبرز شہباز گل اور عمران ریاض خان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان افراد نے عمران خان کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کی جدوجہد کو ذاتی مالی مفادات کے لیے استعمال کیا۔
شیر افضل مروت نے اپنے ایکس کے تازہ بیان میں کہا کہ مئی 2023 میں عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہزاروں کارکنوں نے قربانیاں دیں، جیلیں بھریں اور سڑکوں پر احتجاج کیا، لیکن کچھ افراد نے اس تحریک کو یوٹیوب پر مواد بنا کر لاکھوں ڈالرز کا کاروبار بنا لیا۔ ان کے بقول ویڈیو اینالٹکس پلیٹ فارم vidIQ کے مطابق شہباز گل یوٹیوب سے ماہانہ تقریباً 98 ہزار ڈالر اور عمران ریاض خان 168 ہزار ڈالر کما رہے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ شہباز گل نے سیاست کو چھوڑ کر یوٹیوب کو اپنا ذریعہ معاش بنایا، جبکہ عمران ریاض افواہوں اور زہرآلود بیانیے کے ذریعے کارکنوں کے جذبات سے کھیلتے ہیں، جو کہ نہ صرف تحریک بلکہ عمران خان کی رہائی کے امکانات کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔
شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ ان یوٹیوبرز کی زبان اور جھوٹے بیانیے نے کئی مواقع پر عمران خان کی رہائی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کیں، اور ان افراد نے ان کی ذات کو بھی جھوٹے الزامات کے ذریعے نشانہ بنایا۔انہوں نے اعلان کیا کہ وہ نہ جھکیں گے، نہ خاموش رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں شریفوں کےہاتھ بہت لمبے ہیں ،ٹرمپ انتظامیہ سے بانی کی رہائی میں داد رسی کی امید نہیں رکھتا ، شیر افضل مروت
اپنے بیان کے اختتام پر انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ ان یوٹیوبرز کا بائیکاٹ کریں، ان کی ویڈیوز نہ دیکھیں اور ان کے جھوٹے بیانیے کو پھیلانے سے گریز کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ تحریک انصاف کے کارکن اپنی توانائیاں عمران خان کے اصل مشن ایک خودمختار، باوقار اور خوشحال پاکستان کے لیے وقف کریں۔