پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان پاور شیئرنگ پر ایک اہم اجلاس آج شام چار بجے گورنر ہاؤس لاہور میں طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کی جانب سے اس اجلاس میں رانا ثنا اللہ، ملک محمد احمد خان اور مریم اورنگزیب شرکت کریں گے، جبکہ پیپلز پارٹی کی طرف سے گورنر پنجاب ندیم افضل چن، سید حسن مرتضیٰ اور دیگر رہنما شریک ہوں گے۔
اجلاس میں دونوں جماعتوں کے درمیان اہم معاملات پر مشاورت کی جائے گی، خاص طور پر صوبے میں اقتدار کی تقسیم اور حکومتی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے اس اجلاس سے قبل ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کو بلاول بھٹو کے انتباہ پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے، ورنہ وفاقی حکومت کسی بھی وقت گر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام نے وفاقی حکومت کے نئے نہروں کے منصوبے کو مسترد کر دیا ہے اور وفاق کو اپنے متنازعہ نہری منصوبے سے فوری طور پر دستبردار ہو جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: کینالوں کا منصوبہ بجٹ سے پہلے ہی ختم ہوجائے گا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا دعویٰ
شازیہ مری نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیے طاقت کا سرچشمہ صرف عوام ہیں اور پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔