گنڈاپور حکومت مائنز ایکٹ پر سیاست کھیل رہی ہے،میاں افتخار حسین کا الزام

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ گنڈاپور حکومت منرلز اینڈ مائنز ایکٹ پر دونوں جانب سے کھیل رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق باچا خان مرکز پشاور میں خدائی خدمتگار آرگنائزيشن کے زيراہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ اجلاس میں کئے گئے اپنی ہی ترامیم کو کس کے کہنے پر وزیراعلی نے کابینہ اجلاس میں واپس کیا۔ واضح کرتے ہیں کہ متنازعہ ایکٹ صوبے کی معاشی خودمختاری اور وسائل پر حملہ ہے ۔

انہوں نے کہاہے کہ اٹھارہویں ترمیم کے تحت قدرتی وسائل اور معدنیات پر اختیار صوبوں کا ہے۔ حالیہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ درحقیقت انہی اختیارات کو مرکز کے ہاتھوں گروی رکھنے کی کوشش ہے۔ صوبے کے وسائل پر کسی مخصوص ادارے اور مرکز کا اختیار آئینی طور پر ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے کہاکہ اٹھارہویں آئینی ترمیم اور صوبائی خودمختاری کیلئے ہم نے قربانیاں دی ہیں۔ اس اختیار کو رول بیک کی سازشیں کسی طور کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ پختونخوا کے عوام کو گمراہ کرکے صوبائی حکومت مرکز کے مفادات کی نمائندگی کر رہی ہے ۔ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ آئینی خودمختاری، وسائل پر اختیار اور پختون قوم کے حقوق کی بات کی ہے۔ کسی کو بھی پختون سرزمین کے وسائل پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ متنازعہ قانون سازی کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی اپنی تحریک کا اعلان کرچکی ہے۔ ہم اس کالے اور نوآبادیاتی قانون کے خلاف ہر سطح پر مزاحمت کریں گے۔ ہم یہ ہرگز نہیں ہونے دینگے کہ مخصوص لوگ ذاتی مفادات کیلئے پختونخوا وسائل کا سودا کرے۔ ہم نے انگریز کے عدم تشدد کی مزاحمت کی، آج کے معاشی انگریزوںکے خلاف بھی لڑیں گے۔ وسائل پر اختیار کیلئے یہ تحریک صرف اے این پی کی نہیں، پختونخوا میں رہنے والے ہر فرد کی تحریک ہے۔

انہوں نے کہاکہ پختون قوم اپنے وسائل، زمین اور اپنے مستقبل کے تحفظ کیلئے بیداری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ تقریب میں خدائی خدمتگار آرگنائزيشن کے ذمہ داران اور رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صوبائی صدر میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں رضاکاروں نے صوبہ بھر میں جس طرح غرباء اور مساکین کی خدمت کی وہ داد کے لائق مستحق ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ باچا خان نےمعاشرتی اصلاح، حقوق پر اختیار اور علم و ہنر کی روشنی سے پختون معاشرے کو منور کرنےکیلئے جدوجہد کی۔ ہمیں فخر ہے کہ خدائی خدمتگار آرگنائزیشن نے باچا خان بابا کے پیغام کو آج کے دور میں بھی زندہ رکھا ہے۔ انہوں نے مزيد کہا کہ مستقبل میں خدائی خدمتگار آرگنائزيشن کے زيراہتمام خواتین کیلئے دستکاری و ہنرمندی کے مراکز کے قیام احسن اقدام ہے۔ یہ مراکز نہ صرف خواتین کو باوقار روزگار کے مواقع فراہم کریں گے بلکہ ہمارے ثقافتی ورثے کی بقا اور ترقی کا بھی سبب بنیں گے۔ خدائی خدمتگار آرگنائزیشن کے ذمہ داران اور رضاکاروں کو رمضان دسترخوان کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں۔ عہد کرتے ہیں کہ باچا خان کے فکر و فلسفے کو مشعل راہ بنا کر پختون قوم کی خدمت جاری رکھیں گے۔

تقریب میں احسن کارکردگی پر رضاکاروں میں شیلڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کئے گئے۔ تقریب میں خدائی خدمتگار آرگنائزيشن کے ڈپٹی سالار اعظم ڈاکٹر روح الامین درانی، صوبائی سالار اعلی ڈاکٹر نوید اللہ خان، ڈویژنل سالار (ملاکنڈ) عبدالسلام خان، ڈویژنل سالار (پشاور) ملک فرہاد خان، ڈویژنل سالار (سدرن) مثل خان بیٹنی سمیت مختلف اضلاع کے ضلعی و تحصیل سالاران سمیت کثیر تعداد میں رضاکاروں نے شرکت کی۔

Scroll to Top