وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ملک بھر خصوصاً خیبرپختونخوا میں بسنے والی مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد دیتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو بحیثیت شہری ہر قسم کے مساوی حقوق حاصل ہیں،ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کو مساوی حقوق دینے کا درس دیتا ہے، ہمارا آئین اقلیتوں کو اپنی مذہبی عبادات، رسومات اور تہواروں کو پوری آزادی سے منانے کی ضمانت دیتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملکی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری سمیت اقلیتوں کا اہم کردار رہا ہے،صوبے میں مثالی بین المذاہب ہم آہنگی پائی جاتی ہے،صوبائی حکومت ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کی خوشیوں میں شریک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں بسنے والی اقلیتوں کی فلاح و بہبود، ان کی جان و مال اور انکے حقوق کے تحفظ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے،پائیدار امن کے لئے بین المذاہب ہم آہنگی کو برقرار رکھنا انتہائی ضروری ہے،اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود ہماری حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔