پاکستان سپر لیگ سیزن 10 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی فاتحانہ پیش قدمی جاری، کراچی کنگز کو شکست دے کر چوتھی مسلسل فتح حاصل کرلی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کا 129 رنز کا ہدف 17.1 اوورز میں 6وکٹوں پر حاصل کرلیا۔
کپتان شاداب خان نے 47اور صاحبزادہ فرحان نے 30رنز بنائے، اعظم خان 31اور محمد نواز نے 8رنز بنا سکے۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے۔
کراچی کنگز کی جانب سے ٹم سائفرٹ نے 30، سعد بیگ نے 20 اور خوشدل شاہ نے 17 رنز سکور کیے جبکہ عباس آفریدی نے آخر میں 9 گیندوں پر 24 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
یہ بھی پڑھیں: ”ڈیرہ جات ایونٹ“ نے ثابت کردیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان پرامن علاقہ ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے جیسن ہولڈر، نسیم شاہ اور شاداب خان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ایونٹ میں اب تک اسلام آباد یونائیٹڈ شاندار فارم میں ہے اور چاروں میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، جبکہ کراچی کنگز نے اپنے چار میچز میں سے دو میں کامیابی سمیٹی ہے۔