پاکستان کی غذائی اجناس کی برآمدات میں نمایاں کمی

اسلام آباد: پاکستان کی مجموعی غذائی اجناس کی برآمدات میں مارچ کے دوران نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق مارچ 2025 میں غذائی اجناس کی برآمدات کا حجم 57 کروڑ 61 ہزار ڈالر رہا، جبکہ گزشتہ سال مارچ میں یہ حجم 69 کروڑ 13 لاکھ ڈالر تھا۔

چاول کی برآمدات میں سب سے زیادہ 33.64 فیصد کمی دیکھی گئی۔ رواں سال مارچ میں چاول کی برآمدات 27 کروڑ 43 لاکھ ڈالر رہیں، جبکہ گزشتہ سال اسی مہینے میں یہ 41 کروڑ 34 لاکھ ڈالر تھیں۔

پھلوں کی برآمدات کا حجم ایک کروڑ 55 لاکھ ڈالر رہا، جو گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں کم ہے جب پھلوں کی برآمدات ایک کروڑ 96 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی تھیں۔ اسی طرح سبزیوں کی برآمدات میں بھی 13.31 فیصد کمی دیکھی گئی، اور مارچ میں ان کا حجم 5 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں چین کی جانب سے امریکی درآمدات پر اضافی ٹیرف، ٹرمپ کا ردعمل

اگرچہ مارچ میں برآمدات میں کمی آئی، تاہم رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ (جولائی تا مارچ) کے دوران مجموعی غذائی اجناس کی برآمدات میں 1.62 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو 5 ارب 75 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔

Scroll to Top