اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی پوزیشن میں نہیں، اور اس وقت محض بہانے بازی کر رہی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام ٹونائٹ ود ثمر عباس میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وہ پہلے ہی کہہ چکے تھے کہ جے یو آئی دونوں طرف کھیل رہی ہے، اور اب وہ بے نقاب ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود پی ٹی آئی کی کوشش ہے کہ جے یو آئی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا جائے۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ میرے خیال میں مولانا فضل الرحمان کی جماعت سنجیدہ نہیں ہے، اور حکومت کے خلاف تحریک میں رکاوٹ بن رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی سے متعلق حکومتی دعوے محض دھوکہ ہیں، عوام کو ریلیف دینے کے بجائے صرف زبانی جمع خرچ کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں حکومت کے ہاتھ میں کچھ نہیں، جن کے پاس اختیار ہے ان سے مذاکرات کریں گے، شوکت یوسفزئی
پی ٹی آئی رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کے خلاف 20 دھڑے بھی بن جائیں، تب بھی اس سے جماعت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، کیونکہ عوامی حمایت آج بھی ان کے ساتھ ہے۔





