اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو معیشت کی بہتری کا جھوٹا بیانیہ دیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے ملک کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک گلدستہ کی مانند ہے جس میں ہر عقیدے اور مسلک کی نمائندگی موجود ہے، لیکن آج کے دور میں ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ چادر چاردیواری بھی محفوظ نہیں، اور اس ملک میں ہم سب نشانہ بنے ہوئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے مسلسل جھوٹا بیانیہ دیا جا رہا ہے کہ معیشت کی حالت بہتر ہو رہی ہے، جب کہ دراصل یہ ایک فریب زدہ نظام ہے جس میں عوام کو کسی بھی قسم کی بہتری کی کوئی حقیقت نظر نہیں آتی۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ معیشت کی بہتری اور شخصی آزادیوں کا آپس میں کوئی تعلق نہیں، اور ہم سب ایک ایسے نظام کے تحت زندگی گزار رہے ہیں جو حقیقت سے دور ہے۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی کی بابر سلیم سواتی کی رپورٹ پر تحفظات، سلمان اکرم راجہ کو ارسال کیے جانے پر اعتراض
انہوں نے اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ ہر مسلک سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کو کہا تھا کہ میں تمہارے ساتھ کھڑا ہوں، انشا اللہ جیت ہماری ہو گی۔
سلمان اکرم راجہ نے اپنے خطاب میں آئین کے تحفظ کے لیے پی ٹی آئی کی تحریک کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی بنیاد آئین کی بالا دستی اور عوام کے حقوق کے تحفظ پر ہے، اور اس کا مقصد ملک میں حقیقی تبدیلی لانا ہے۔





