خیبر پختونخوا حکومت نے گردے، جگر اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کے علاج کو صحت کارڈ میں شامل کرنے کا اہم فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیرِ اعلیٰ کی زیرِ صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ مشیر اطلاعات بیریسٹر محمد علی سیف نے اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ٹرانسپلانٹ اور امپلانٹ سروسز مفت فراہم کرے گی۔
بیریسٹر سیف کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ بانی چیئرمین کے وژن کے مطابق کیا گیا ہے جس کے تحت خیبر پختونخوا حکومت نے ایک اور انقلابی قدم اٹھایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت گردے، جگر اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کے تمام اخراجات برداشت کرے گی جبکہ کوکلئیر امپلانٹ کا خرچ بھی حکومت اٹھائے گی۔
یہ بھی پڑھیں عوامی ریلیف کا نیا باب!خیبرپختونخوا میں مفت ٹرانسپلانٹ اورامپلانٹ، صحت کارڈ کے دائرہ کار میں نمایاں اضافہ
مشیر اطلاعات نے یہ بھی بتایا کہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے علاج کو بھی جلد صحت کارڈ میں شامل کیا جائے گا۔ اس حوالے سے وزیرِ اعلیٰ نے محکمہ صحت کو ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔
علاوہ ازیں علاج، تحقیق اور صنعتی مقاصد کے لیے کینابیس پلانٹ کے استعمال سے متعلق قواعد کی منظوری بھی دی گئی ہے، جو صوبے میں صحت کے شعبے میں مزید اصلاحات کی عکاسی کرتا ہے۔