مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے مائنز اینڈ منرلز بل کو پاکستان کی ترقی کا سنگ میل قرار دیا اور یقین دہانی کرائی کہ ماضی میں بھی عوام کے ساتھ کھڑا رہا، اور مستقبل میں بھی عوامی خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔
پشاور میں منعقدہ یوتھ کنونش سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ملک کی ترقی اور اقتدار میں شامل کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کا جو جذبہ ہے، وہ ملک کے کسی اور حصے میں دیکھنے کو نہیں ملتا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کی معیشت مستحکم ہو رہی ہے، اور اُن کی دن رات محنت کی بدولت پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا گیا۔ امیر مقام کے مطابق شرح سود میں کمی اور مہنگائی میں نمایاں کمی بھی شہباز شریف کی اقتصادی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، جنہوں نے مہنگائی کی شرح کو 38 فیصد سے کم کر کے 12 فیصد تک لایا۔
امیر مقام نے کہا کہ سالوں تک خاموش رہنے یا دبے رہنے سے نہ ملک کو فائدہ ہوا اور نہ صوبے کو، اب وقت ہے کہ نوجوان آگے آئیں اور ترقی کا حصہ بنیں۔ اُنہوں نے دعویٰ کیا کہ جب بھی قائد نواز شریف اور شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے عوام کو پکارا، تو عوام نے لبیک کہا۔
یہ بھی پڑھیں: مخالفین انتظار میں تھے کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے، لیکن انہیں مایوسی ہوئی،وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کی ذمہ داری رانا مشہود کو سونپی ہے اور یوتھ پروگرام کے دفتر کا افتتاح بھی کر دیا گیا ہے۔ اب یونین کونسل کی سطح پر نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جائے گا۔