خیبرپختونخوا مائنز اینڈ منرلز بل 2025 پر بریفنگ کے لیے بلایا گیا اجلاس کسی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق، اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے بل کی منظوری کو عمران خان کی مشاورت اور رائے سے مشروط کرتے ہوئے اجلاس ملتوی کر دیا۔
اجلاس کا آغاز ہی اختلافات کا شکار رہا۔ ابتدا میں ضم شدہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے کئی اراکین اسمبلی نے بریفنگ کا بائیکاٹ کرنے پر اصرار کیا۔ تاہم اسپیکر اور کابینہ اراکین کی کوششوں سے مذکورہ اراکین کو بریفنگ میں شرکت پر آمادہ کر لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، مائنز اینڈ منرلز بل 2025 پر خود حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے اندر بھی اختلافات پائے جاتے ہیں۔ بریفنگ کے دوران کئی اراکین اسمبلی غیر حاضر رہے جبکہ پی ٹی آئی کے پارلیمانی اراکین کی آپس میں متعدد ملاقاتیں بھی ہوئیں۔ باجوڑ سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی اراکین نے بل پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
اسی دوران، عوامی نیشنل پارٹی کے اراکین نے جرگہ ہال میں اپنا موقف پیش کرنے کے بعد بریفنگ کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس کے دوران حکمران جماعت کے رکن اسمبلی انورزیب خان نے کہا کہ وہ اپنی تجاویز پیش کر کے بریفنگ سے واک آؤٹ کریں گے۔





