ویب ڈیسک: خیبر پولیس کو شلوار قمیض کی بجائے اب شرٹ اور پتلون پر مشتمل نئی وردی پہننے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جو آج 21 اپریل سے نافذالعمل ہے۔
اس سلسلے میں جمرود کے شاہ کس لیوی سنٹر میں نئی وردی کے اجرا کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے بعد پولیس اہلکاروں نے
نئی وردی میں فوٹو سیشن میں بھی شرکت کی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) خیبر کا کہنا تھا کہ شرٹ پتلون کی وردی کا فیصلہ فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اعتماد میں اضافے کے لیے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پولیس کو دیگر اضلاع کی پولیس کے برابر لانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ قبائلی اضلاع کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے بعد وہاں کی لیوی اور خاصہ دار فورسز کو باضابطہ طور پر خیبرپختونخوا پولیس میں شامل کر دیا گیا ہے۔