مائنز اینڈ منرلز بل پر مسلم لیگ ن کے دو بھائی آمنے سامنے: امیر مقام حمایتی ، ڈاکٹر عباد مخالف

پشاور: خیبر پختونخوا مائنز اینڈ منرلز بل پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام اور ان کے بھائی، خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد خان، کے مؤقف میں واضح تضاد سامنے آگیا ہے۔ جہاں امیر مقام اس بل کو پاکستان کی ترقی کا ضامن قرار دیتے ہیں، وہیں ڈاکٹر عباد اسے صوبے کے وسائل پر قبضے کی کوشش قرار دے رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پاکستان کی ترقی کا بل ہے، جسے سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی خوشحالی کے لیے اس بل کا اسمبلی سے پاس ہونا ضروری ہے۔

دوسری جانب ان کے چھوٹے بھائی اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد خان نے اس بل پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بل راتوں رات کابینہ سے منظور کروا کر اسمبلی میں پیش کیا گیا۔

ڈاکٹر عباد نے بریفنگ کے دوران کہا کہ ماضی میں بھی ایگریکلچر بل اسی طریقے سے منظور کیا گیا تھا جس کی اپوزیشن نے بھرپور مخالفت کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم صرف وہی قانون سازی کریں گے جو صوبے کے مفاد میں ہو، ورنہ مخالفت کریں گے۔

Scroll to Top