وزیرِ اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے وژن اور رہنمائی میں خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ایک عظیم الشان یوتھ کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں مسلم لیگ ن کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے شرکت کی۔
کنونشن سے وفاقی وزیر اور صوبائی صدر مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے جوش و جذبے سے بھرپور خطاب کیا۔ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ سابق رکنِ قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی اور وزیر اعظم یوتھ کوآرڈینیٹر خیبرپختونخوا بابر سلیم نے بھی خصوصی شرکت کی۔
اپنے خطاب میں امیر مقام نے خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو قوم کا روشن مستقبل قرار دیتے ہوئے ان کے خلوص اور جوش کی بھرپور تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی شرکت نے ثابت کر دیا کہ خیبر پختونخوا ترقی و خوشحالی کے لیے تیار ہے، اور ن لیگ کی قیادت میں ترقی کی راہیں کھل رہی ہیں۔
امیر مقام نے اعلان کیا کہ حیات آباد پشاور میں وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کا دفتر قائم کر دیا گیا ہے، جو فوری طور پر کام کا آغاز کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام کو تحصیل، یونین کونسل اور ضلعی سطح تک وسعت دی جائے گی تاکہ ہر نوجوان اس سے فائدہ اٹھا سکے۔
انہوں نے رانا مشہود احمد خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پنجاب کے بعد خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کے لیے بھی مثالی اقدامات کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رانا مشہود نے نوجوانوں کے لیے مشاورت، تربیت اور مواقع کی فراہمی کے حوالے سے بے مثال کام کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں مائنز اینڈ منرلز بل پر مسلم لیگ ن کے دو بھائی آمنے سامنے: امیر مقام حمایتی ، ڈاکٹر عباد مخالف
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ ان کی معاشی حکمت عملی نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا اور مہنگائی کو 38 فیصد سے کم کر کے 12 فیصد تک لایا۔ انہوں نے شہباز شریف کو ایک وژنری لیڈر قرار دیا جن کی قیادت میں پاکستان ترقی کرے گا۔
امیر مقام نے نوجوانوں کو صرف تعلیم ہی نہیں، بلکہ ہنر اور عملی تربیت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے نوجوان تیار کرنے ہیں جو صرف ملازمت کے متلاشی نہ ہوں بلکہ دوسروں کو روزگار فراہم کرنے کے قابل بنیں۔