ہرنائی: طویل تعطل کے بعد ہرنائی سبی ریلوے اسٹیشن پر آزمائشی ٹرین نے کامیابی کے ساتھ سفر مکمل کیا، جس سے ریلوے رابطے کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
پاکستان ریلوے کے ترجمان کے مطابق، شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث اس اہم ریلوے اسٹیشن پر 9 ماہ سے ٹرینوں کی آمد و رفت معطل تھی۔ قدرتی آفات کی وجہ سے پٹڑی کو شدید نقصان پہنچا تھا، جس کے باعث مقامی آبادی کو سفر اور سامان کی ترسیل میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔
محکمہ ریلوے کے حکام نے انتھک محنت اور جدید تکنیکی عمل کے ذریعے ٹریک کی مرمت اور بحالی کا کام مکمل کیا، جس کے بعد آزمائشی ٹرین سبی سے ہرنائی پہنچی۔ اس اقدام سے دونوں شہروں کے درمیان ٹرانسپورٹ کے اہم ذریعے کی بحالی ممکن ہو گئی ہے۔
ریلوے ترجمان نے بتایا کہ یہ قدم صرف مقامی رابطے کی بحالی نہیں بلکہ قومی سطح پر ریلوے سسٹم کی ترقی کی علامت ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان ریلوے نے کراچی سے پشاور کے درمیان چلنے والی مشہور خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو بھی پانچ سال ایک ماہ بعد بحال کر دیا ہے، جو 24 اپریل 2025 سے اپنی خدمات دوبارہ شروع کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں کوئٹہ سے اندرون ملک 17 دن بعد ٹرین سروس بحال
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ بحالی کے یہ اقدامات ملک بھر میں ریلوے نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے منصوبے کا حصہ ہیں، تاکہ عوام کو بہتر اور بااعتماد سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔