پاکستانی دوڑنے والوں نے بوسٹن میں نئی مثال قائم کر دی

بوسٹن میراتھون کے 129ویں ایڈیشن میں پاکستان کے دو ایتھلیٹس فیصل شفیع اور دانش الٰہی نے منفرد عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے دونوں رنرز نے میراتھون میں پاکستان کا قومی لباس شلوار قمیض پہن کر ریس مکمل کی اور شلوار قمیض میں تیز ترین میراتھون کا ریکارڈ بنایا۔

دونوں ایتھلیٹس نے ایک ساتھ دوڑ کا آغاز کیا اور ایک ساتھ ہی 3 گھنٹے 26 منٹ میں میراتھون مکمل کی، جو اس لباس میں اب تک کا تیز ترین وقت ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی رنر نے 4 گھنٹے سے کم وقت میں شلوار قمیض پہن کر میراتھون مکمل کی ہو۔

ریکارڈ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے دانش الٰہی نے کہا کہ یہ ریکارڈ پورے پاکستان کے نام ہے اور بوسٹن جیسی تاریخی دوڑ میں یہ سنگِ میل یادگار بن گیا ہے۔

فیصل شفیع نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کے مثبت امیج کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے کیا گیا ہے اور وطن واپسی پر اس کامیابی کا جشن منایا جائے گا۔

واضح رہے کہ بوسٹن میراتھون دنیا کی سب سے قدیم میراتھون ہے۔ رواں سال کے مردوں کے مقابلے میں کینیا کے جان کورر نے کامیابی حاصل کی، جبکہ خواتین کے مقابلے میں کینیا ہی کی شیرون لوکیڈی فاتح قرار پائیں۔

Scroll to Top