اسلام آباد: وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ کینالز (نہروں) کا منصوبہ ایک مکمل تکنیکی مسئلہ ہے، اس پر سیاست کے بجائے ماہرین کے درمیان ٹیکنیکل مکالمہ ہونا چاہیے۔
ہم نیوز کے پروگرام فیصلہ آپ کا میں گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر نے واضح کیا کہ کینالز منصوبہ فی الحال رکا ہوا ہے، اور اس پر کسی بھی قسم کے عملی اقدامات پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی) کی مشاورت کے بغیر نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اُمید ہے کہ آنے والے دنوں میں قیادت ٹیکنیکل گفتگو کے لیے ماہرین پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے گی تاکہ مسئلے کا متفقہ حل نکالا جا سکے۔
بلال اظہر کیانی نے رانا ثنااللہ اور شرجیل میمن کے درمیان حالیہ رابطے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہی طرز عمل قومی ایشوز کے حل کا ضامن ہے۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ ایکنک ایک خودمختار اور آئینی ادارہ ہے جس میں تمام صوبوں کی نمائندگی موجود ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایکنک کی ایگزیکٹو کمیٹی میں تمام صوبوں کے پلاننگ منسٹرز شریک ہوتے ہیں، اور اس فورم پر کیے گئے فیصلے اتفاق رائے سے کیے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں خیبرپختونخوا حکومت نے مہمند ڈیم واٹر سپلائی سکیم کی منظوری دے دی
انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں کہ وفاقی حکومت نے کسی کو اعتماد میں نہیں لیا۔ ہم قومی امور کو اتفاق رائے اور مشاورت سے حل کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ نہری نظام جیسے حساس اور طویل المدتی منصوبے صرف اور صرف ٹیکنیکل بنیادوں پر طے ہونے چاہئیں، تاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر دیرپا حل نکالا جا سکے۔